ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پتور میں جنگلی سورکے لئے بچھائے گئے جال میں چیتا پھنس گیا

پتور میں جنگلی سورکے لئے بچھائے گئے جال میں چیتا پھنس گیا

Thu, 24 Nov 2016 20:59:34    S.O. News Service

پتور 24/نومبر (ایس او نیوز) ساونور تعلقہ کے کولٹیگے گاوں میں  ایک کسان نے جنگلی سور کو پھانسنے کے لئے جو جال لگایا تھا اس میں چیتا پھنس گیا جسے دیکھنے کے لئے عوام کا ہجوم امڈ پڑا۔

کہتے ہیں کہ پچھلے کچھ دنوں سے گاوں میں جنگلی سور،جنگلی بھینسے اور ہرن وغیرہ دکھائی دے رہے تھے۔ اس کے علاوہ پالتو کتے اور جانوراچانک غائب ہونے لگے تھے۔ لیکن اس علاقے میں کبھی چیتا دکھائی نہیں دیا تھا۔مدھو کیڈیلایا نامی کسان نے اپنے کھیت کے پاس جنگلی سور کو پکڑنے کے لئے جال لگادیا۔ لیکن جب وہ کھیت میں پانی دینے کے لئے دوسرے دن صبح پہنچا تو اس جال میں چیتے کو پھنسا ہوا دیکھ کر اس کے اوسان خطا ہوگئے۔ پھر اس نے فوری طور پر اس کی اطلاع پولیس اور محکمہ جنگلات کے افسران کو دی۔ جال میں چیتا پھنسنے کی خبر پھیلتے ہی اس کی ایک جھلک دیکھنے کے لئے لوگوں کا ہجوم امڈ پڑا جس کی وجہ سے حالات کو قابو میں رکھنے کے لئے پولیس کو بڑی مشقت کرنی پڑی۔

محکمہ جنگلات کے افسران نے چیتے کو پنجرے میں قید کرنے کے لئے پیلی کولا نسرگا دھام سے بے ہوشی کا انجکشن دینے والی ڈاکٹر دیپیکا اور ان کے معاون کو طلب کیا۔ مگر چیتے کو بے ہوشی کا انجکشن لگانے میں کامیابی نہیں ملی۔پھر ہنسور نیشنل پارک کے ایک اسسٹنٹ نے کامیاب کوشش کرتے ہوئے دوائی کا انجکشن لگادیا جس کے بعد چیتا بے ہوش ہوگیا اور محکمہ جنگلات کے افسران نے اسے پنجرے میں قید کر لیا۔اس کے ساتھ ہی مقامی لوگوں نے چین کی سانس لی۔ عوام کاکہنا ہے کہ اس علاقے میں مزید چیتے موجود ہوسکتے ہیں جس کے لئے محکمہ جنگلات کو اطراف میں کڑی نظر رکھنی چاہیے۔

اے سی ایف سندر شیٹی، آر ایف اومسٹر کری اپا اور دیگر افسران نے اس کارروائی میں حصہ لیا۔ جبکہ بیلارے پولیس سب انسپکٹر چیلو وایّا نے لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال کو قابو میں رکھا۔

 


Share: